ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چھتیس گڑھ کےموہتارا گاؤں میں بجلی گرنے سے سات لوگوں کی موت؛ تین زخمی

چھتیس گڑھ کےموہتارا گاؤں میں بجلی گرنے سے سات لوگوں کی موت؛ تین زخمی

Mon, 09 Sep 2024 13:22:23    S.O. News Service

رائے پور، 9/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)   چھتیس گڑھ کےموہتارا گاؤں میں  آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں سات لوگوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ تین لوگ زخمی ہوگئے۔ واردات اتوار کو  بلودہ بازار میں  پیش آئی۔ ایڈیشنل ایس پی ابھیشیک سنگھ کے حوالے سے میڈیا رپورٹوں میں  بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ تمام لوگ کھیتوں سے واپس آ رہے تھے جس کے دوران تیز بارش سے خود کو بچانے کے لیے درخت کے نیچے کھڑے ہوگئے کہ اچانک  آسمانی بجلی گر ی اور یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

مرنے  والوں کی شناخت مکیش (20)، ٹانکر (30)، سنتوش (40)، تھانیشور (18)، پوکھراج (38)، دیو (22) اور وجے (23) کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ زخمیوں کے نام بٹو ساہو اور چیتن ساہو ہیں۔بتاتے چلیں کہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو چھتیس گڑھ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

ریاست کے وزیر اعلی وشنو دیو سائی نے بلودہ بازار میں آسمانی بجلی گرنے  کے المناک واقعے پر گہرے دکھ  کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے  ایکس کی پوسٹ میں بتایاکہ ضلع انتظامیہ نے زخمیوں کو فوری علاج کے لیے اسپتال پہنچایا ہے۔ انتظامیہ کو علاج کے بہتر انتظامات اور دیگر ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ  میری تعزیت مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ میں بھگوان  سے ان سب کی روح کے سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق  اُتر پردیش میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلقہ واقعات میں 9  لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ امدادی محکمہ کے مطابق للت پور میں ڈوبنے سے تین لوگوں کی موت ہوئی جبکہ پرتاپ گڑھ، علی گڑھ اور سدھارتھ نگر اضلاع میں بارش سے متعلق  الگ الگ واقعات میں دو دو کی موت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اموات ہفتہ کی شام 6.30 بجے سے اتوار کی شام 6.30 بجے کے درمیان ہوئی  ہیں۔


Share: